اتوار 20 ستمبر 2026 - 20:12
رہبر معظم انقلاب کو ملکی تمام امور کی مکمل آگاہی حاصل ہے

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین عباسی نے کہا: گزشتہ تقریباً دس برسوں کے دوران رہبر معظم انقلاب، رہبر شہید انقلاب کے مکمل معاون رہے ہیں اور انہیں ملک کے تمام امور کی مکمل آگاہی حاصل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے سرپرست اور مجلس خبرگان رہبری کے رکن حجت الاسلام والمسلمین علی عباسی نے وزارتِ جهادِ کشاورزی کے دفترِ نمائندہ ولی فقیہ کے مدیران اور ذمہ داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کے تیسرے رہبر حضرت آیت اللہ امام سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی فکر اور عملی سیرت پر روشنی ڈالی۔

مجلس خبرگان رہبری کے رکن نے جنگ کے ایام میں تمام تر خطرات اور پابندیوں کے باوجود انقلاب اسلامی کے تیسرے رہبر کے انتخاب کے عمل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: خوش قسمتی سے جنگی حالات کے باوجود رہبر معظم انقلاب اسلامی کا انتخاب قانونی اور شفاف طریقے سے مجلس خبرگان رہبری کے اراکین کی موجودگی میں عمل میں آیا اور حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو ملت کے نمائندوں کے واضح اکثریتی ووٹ سے انقلاب اسلامی کے تیسرے رہبر کے طور پر منتخب کیا گیا۔

حجت الاسلام والمسلمین عباسی نے علما اور مراجع عظام کی جانب سے اس انتخاب کی حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: رہبر انقلاب کی شہادت کی خبر کے اعلان کے ابتدائی گھنٹوں ہی میں بہت سے علما نے مجلس خبرگان کے اراکین کے نام اپنے پیغامات میں حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے انتخاب کی حمایت کا اعلان کیا اور باضابطہ اعلان کے بعد بھی متعدد بیانات جاری کرکے اس انتخاب کی حمایت اور اس پر اظہارِ تشکر کیا۔

انہوں نے موجودہ حالات میں رہبر انقلاب تک رسائی کی محدودیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: یہ ہماری ذمہ داری ہے، جس میں مجلس خبرگان کے ارکان بھی شامل ہیں کہ ہم ان کی موجودگی اور اختیارات کے مؤثر استعمال کے لیے ضروری حالات فراہم کریں۔

سرپرست جامعۃ المصطفیٰ نے رہبر کے انتخاب کے لیے فقاہت، شجاعت، مدیریت، عدالت اور دیگر خصوصیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: مجلس خبرگان کے اراکین کے مختلف اجلاسوں میں ان تمام خصوصیات کے بارے میں گفتگو اور باہمی مشاورت ہوئی۔ فقاہت کے حوالے سے رہبر معظم انقلاب کو تقریباً 17 سال تک درسِ خارج تدریس کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ عدالت اور تقویٰ کے اعتبار سے بھی ہمارے پاس قطعی شواہد موجود ہیں جو انہیں دیگر امیدواروں سے ممتاز کرتے ہیں۔ تقویٰ، زہد، اخلاقی خصوصیات اور دنیا سے بے رغبتی کے حوالے سے ان کی شخصیت ہمارے لیے ماضی ہی سے واضح تھی۔

انہوں نے مزید کہا: امور پر مکمل آگاہی کے اعتبار سے رہبر معظم انقلاب گزشتہ تقریباً دس برسوں کے دوران رہبر شہید انقلاب کے مکمل معاون رہے ہیں اور انہیں ملک کے تمام امور اور ان کی جزئیات پر مکمل عبور حاصل ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین عباسی نے رہبری کے لیے ضروری خصوصیات میں شجاعت اور فیصلہ سازی کی قوت کو بھی شمار کرتے ہوئے کہا: اگر رہبری کی شرائط کے احراز کے مرحلے میں کوئی شخص فیصلہ کرتے وقت مختلف قسم کے تحفظات اور خدشات کا شکار ہو تو ظاہر ہے کہ اس کا ایسے شخص سے کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا جو سخت ترین حالات میں بھی فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha